نئی دہلی9 جون (سیاست ڈاٹ کام)سابقہ برسوں کی منتشر انتخابی نتائج کی مسلسل سیاست کے بعد صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ مرکز کی نئی حکومت ہندوستان کی ترقی کیلئے کام کرے گی جہاں کرپشن کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے متحدہ ،مضبوط اور جدید ہندوستان کی تائید میں ووٹ دیا ہے ۔ میری حکومت ان کی تمام آرزوؤں کی تکمیل کرے گی۔ اس عظیم ملک کے ایک ارب 25 کروڑ عوام کو ترقی میں شامل کیا جائے گا ۔ اقلیتوں کو تیقن دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی حکومت تمام اقلیتوں کو ہندوستان کی ترقی میں مساوی شراکت دار بنانے کی پابند ہے۔ سیاسی ،معاشی اور خارجہ پالیسی کا مودی حکومت کا لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم ایک مشکل معاشی صورتحال سے گذررہے ہیں جس میں افراط زر کا غلبہ ہے اور شرح ترقی کا احیاء ضروری ہوگیا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حال ہی میں عام انتخابات اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ ان انتخابات نے ہماری آرزوؤں اور یقین میں اضافہ کیا ہے کہ جمہوری طریقہ کار کے ذریعہ ان کی تکمیل ہوگی۔ رائے دہندوں نے ذات پات ،رنگ و نسل ،مذہب اور علاقہ کی حدود سے بالا تر ہوکر متحدہ اور فیصلہ کن انداز میں ترقی اور اچھی حکمرانی کی تائید میں ووٹ دیا ہے ۔
نو منتخبہ لوک سبھا ارکان اور راجیہ سبھا کے ارکان ،وزیر اعظم مودی ،ان کے کابینی ساتھی ،سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ،صدر کانگریس سونیا گاندھی اور دیگر اپوزیشن قائدین نے پوری توجہ کے ساتھ صدر جمہوریہ کا خطاب سنااور بعض اوقات میزیں تھپتھپاکر اعلانات کا خیر مقدم کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت اعلی شرح ترقی کا احیاء کرے گی،افراط زر پر قابو پائے گی ،سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی،ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ اندرون ملک اور بیرونی برادری میں اعتماد پیدا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ایسا پالیسی ماحول پیدا کرے گی جو شفاف اور منصفانہ ہوگا ۔یہ معقولیت اور سادگی کے ٹیکس نظام کو رائج کرے گی تا کہ یہ سرمایہ کاروں ،صنعتکاروں اور شرح ترقی کیلئے ساز گار ہو۔ حکومت انفراسٹرکچر ،اشیاء اور خدمات ٹیکس متعارف کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ حکومت سرمایہ کاروں کی ایف ڈی آئی کے ذریعہ بھی حوصلہ افزائی کرے گی۔ خارجہ پالیسی کے بارے میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ایک پرامن ،مستحکم اور معاشی اعتبار سے پڑوسیوں کے ساتھ مربوط کام کرنے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا کرے گی اور ان سے گریز اختیار نہیں کرے گی۔