نئی ایئرلائنز ایئرایشیاء انڈیا کی لانچنگ

چینائی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایر ایشیاء انڈیا نام سے ایک نئی ایرلائنز متعارف کی جارہی ہے جس سے یقیناً ہوا بازی کے شعبہ میں کرایوں کے معاملہ میں زبردست مسابقت پیدا ہوجائے گی۔ ایرلائنز کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق بنگلور ۔ گوا کے لئے ایرایشیاء انڈیا کی پہلی فلائیٹ 12 جون کو مقرر کی گئی ہے جس کا کرایہ تمام ٹیکسوں کی شمولیت کے بعد صرف 990 روپئے رکھا گیا ہے۔ نئی ایرلائنز بکنگ کا آغاز آج شام سے اپنی ویب سائیٹ پر کر رہی ہے۔ ایئرایشیاء انڈیا کے سی ای او مٹوچنڈیلیا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہیکہ ہر ہندوستانی شہری ہوائی جہاز کے سفر سے محظوظ ہو اور اسے یہ احساس کمتری نہ رہے کہ وہ ہوائی جہاز میں سفر کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ایرلائنز کے کرایوں کے مقابلے ایرایشیاء انڈیا کے کرائے 35 فیصد کم ہوں گے۔

شیل پھٹنے سے مزدور ہلاک
سرینگر۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے لداخ علاقہ میں ایک شیل کے حادثاتی طور پر پھٹ جانے سے ایک مزدور ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ شیل کے پھٹ جانے سے ارجن سنگھ نامی مزدور ہلاک ہوگیا جو اس وقت فوج کی فائرنگ رینج سے اسکراپ جمع کررہا تھا۔ شیل پھٹنے سے ارجن سنگھ جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جن کا تعلق جھارکھنڈ سے بتایا گیا ہے۔