نئی دہلی 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام )سونے کے عوض رقم کے نتیجہ میں گھرانوں اور اداروں کو فائدہ پہنچے گا۔ حکومت نے آج ایک مسودہ اسکیم پیش کیا ہے جس کے تحت کوئی بھی شخص سونا بینکوں میں جمع کرواکے اس پر سود حاصل کرسکتا ہے ۔ مسودہ میں موجود رہنمایانہ خطوط کے بموجب اقل ترین سونے کا ڈپازٹ تجویز کے مطابق 30 گرام ہوگا اس پر حاصل ہونے والا سود انکم ٹیکس کے علاوہ کیمپٹل گینس ٹیکس سے بھی مستثنی ہوگا ۔ ایک شخص یا ادارہ اپنا فاضل سونا جس کی قیمت بی آئی ایس امتیازی مراکز سے منظورہ ہوگی ایک سونے کا سیونگ اکاونٹ بینکوں میں کھول سکتا ہے جس کی اقل ترین مدت ایک سال ہوگی اور اس پر سود یا تو نقد دیا جائے گا یا سونے کی شکل میں جمع کیا جائے گا۔ مسودہ کے بموجب سونے پر سود نقد حاصل کیا جاسکتا ہے یا سونے کی شکل میں بھی حاصل ہوسکتا ہے۔ وزارت فینانس نے دلچسپی رکھنے والوں سے اس سونے کے عوض رقم کی اسکیم پر 2 جون تک رائے داخل کرنے کی خواہش کی ہے۔ سونے کے عوض رقم کی اسکیم جس کی تجویز ابتدائی طورپر صرف منتخبہ شہروں میں متعارف کروائی جائے گی ۔ اس کا اعلان جاریہ سال کے بجٹ میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کیا تھا ۔ نئی اسکیم ڈپازیٹرس کو سود حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی جو ان کے سونے کے اکاونٹس یا زیورات کے اکاونٹس پر دیا جائے گا ۔
زیورات کے بدلے قرضہ جات بھی حاصل کئے جاسکیں گے ۔ بینک اور دیگر ڈیلرس کو سونے کے عوض رقم ادا کرنے کے قابل ہونا چاہئے ۔ جیٹلی نے کہا تھا کہ ہندوستان سونا استعمال کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور سونے کی درآمدات 800 تا 1000 ٹن سالانہ ہے ۔ ہندوستان میں سونے کاذخیرہ نہ تو تجارت میں استعمال ہوتا ہے اور نہ 20,000 ہزار ٹن سے زیادہ سونے کے عوض رقم حاصل کی جاتی ہے ۔ اس اسکیم کا مقصد خانگی گھرانوںاور اداروں کے پاس موجود سونے کے عوض رقم کو متحرک کرنا ہے ۔ بشرطیکہ زیورات جڑاوی نہ ہو۔ جڑاوی زیورات میںموجود جواہرات اور قیمتی پتھروں کا وزن سونے کے وزن میں سے منہا کردیا جائے گا اور صرف سونے کی مالیت پر سود ادا کیاجائے گا۔ مجوزہ اسکیم کے تحت بینک کا سود گاہکوں کو گولڈ سیونگس اکاونٹ کھولنے کے 30 تا 60 دن بعد قابل ادائیگی ہوگا ۔ سود کی شرح جو مجوزہ اسکیم کے بموجب فیصلہ کرنا بینکوں کی ذمہ داری ہوگی اصل رقم اور سود دونوں ڈپازیٹرس کو سونے کی شکل میں بھی ادا کئے جاسکیں گے ۔مثال کے طور پر اگر کوئی شخص 100 گرام سونا جمع کرواتا ہے اور ایک فیصد سود حاصل کرتا ہے تو اسکیم کے ختم پر اسے 101 گرام سونا حاصل ہوگا ۔ رہنمایانہ خطوط کے بموجب گاہکوں کو متبادل طریقہ کا اختیار حاصل ہوگا کہ وہ یا تو نقد رقم یا سونا حاصل کریں۔ یہ اختیار ابتدا ہی سے قابل استعمال ہوگا جبکہ سونا جمع کروایا جارہا ہو۔اسکیم کی معیاد تجویز کے مطابق کم از کم ایک سال ہوگی اور کئی متبادل طریقے ایک سال کے بعد پیش کئے جائیں گے۔