عدم موجودگی یا عدم تجدید پر بلدیہ کی جانب سے جرمانے ہونگے
حیدرآباد۔20مئی (سیا ست نیوز) تجارتی لائسنس کے حصول کے سلسلہ میں تاجرین غفلت و کوتاہی نہ کریں بلکہ 30 مئی سے قبل تجارتی لائسنس کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عائد کئے جانے والے جرمانہ سے محفوظ رہ سکیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بلدی حدود میں کاروبار کر رہے تمام تاجرین سے اپیل کی ہے کہ وہ 30 مئی سے قبل اپنے نئے تجارتی لائسنس یا پھر تجدید کے لئے درخواستیں داخل کرتے ہوئے لائسنس حاصل کرلیں اور ایسا کرنے میں ناکام تاجرین پر 30مئی کے بعد سے لائسنس فیس کا 50 فیصد حصہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ لائسنس کے لئے درخواست اور تجدید کی درخواست کیلئے بلدیہ کے دفاتر کے علاوہ سٹیزن سروس سنٹر اور ای۔ سیوا مراکز پر بھی سہولت حاصل رہے گی اور تاجرین ان مراکز کے ساتھ ساتھ آن لائن بلدیہ کی ویب سائٹ کے ذریعہ بھی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ ریاستی وزارت بلدی نظم و نسق کی جانب سے اس سلسلہ میں سرکاری احکامات جاری کئے جا چکے ہیں اور ریاست کی تمام بلدیات کو اس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ اس معاملہ میں کوتاہی نہ کریں اورتاجرین کو تجارتی لائسنس کے حصول کی سمت راغب کریں۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام سے قبل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے لائسنس کی اجرائی کے عمل کو آسان بناتے ہوئے تاجرین میں شعور بیداری مہم چلائی ہے اور کہا جا رہاہے کہ 80 فیصد حیدرآباد کے تجارتی اداروں کے پاس تجارتی لائسنس موجود ہیں لیکن جن 20 فیصد تجارتی ادروں کے پاس تجارتی لائسنس نہیں ہیں ان اداروں کو بھی تجارتی لائسنس کے حصول کے سلسلہ میں متوجہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔