حیدرآباد 7 مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ مزدور یونین نے اعلان کیا کہ آر ٹی سی ملازمین 21 مئی کے بعد اپنے مطالبات کی تائید میں کسی بھی وقت ہڑتال کا آغاز کردیں گے ۔ پیر کو تلنگانہ آر ٹی سی ورکرس نے چلو بس بھون احتجاج منظم کیا ۔ آر ٹی سی ورکرس بس بھون پہونچے تھے ۔ اس احتجاج کی قیادت تلنگانہ مزدور یونین نے کی اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ورکرس کے مطالبات کی یکسوئی کی جائے ۔ ان مطالبات میں تنخواہوں پر نظرثانی ‘ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات اور دوسرے مسائل کی یکسوئی شامل ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ مزدور یونین کے جنرل سکریٹری اشواتھما ریڈی نے کہا کہ چلو بس بھون پروگرام صرف ایک شروعات تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پر ورکرس بہت برہم ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ورکرس کے پرگتی بھون کے محاصرہ تک انتظار نہ کرے اور مسائل کی جلد یکسوئی پر توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکرس کسی کے رحم و کرم پر نہیں ہیں اور حکومت معمولی باتوں پر مقدمات درج کرتی ہے تو وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔