حکمت عملی کی تیاری جاری ۔ ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کا بیان
حیدرآباد 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں بی جے پی نے کہا کہ وہ ریاست میں 2019 کے اسمبلی و لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کیلئے منصوبہ تیار کر رہی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے میڈیا سے کہا کہ 2019 کے انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دی جا رہی ہے ۔ یہ منصوبہ در اصل پارٹی کی تنظیم کو آگے بڑھانے سے متعلق ہے تاکہ 2019 تک اسے موثر بنایاجاسکے جس کی پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں مودی حکومت کی پالیسیاں رائے دہندوں تک پہونچانا ‘ ٹی آر ایس حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنا اور سماج کے مختلف طبقات تک رسائی حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی تیاری میں پارٹی کے مختلف شعبہ جات کو سرگرم کرنا بھی شامل ہے ۔