نئی دہلی 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی دو روزہ قومی ایگزیکٹیو میٹنگ دو جدید کاٹ دار نعروں ’’اجئے بھارت‘‘ اور ’’اٹل بھاجپا‘‘ کے ساتھ اتوار کو اختتام کو پہنچی۔ اس اجلاس میں یہ عہد کیا گیا کہ وہ 2019 ء کے انتخابات میں یقینی کامیابی کی حکمت عملی اپناتے ہوئے دوبارہ برسر اقتدار آئیں گے۔ یہی نہیں بلکہ مزید 50 برسوں تک محض اپنی کارکردگی اور تنظیمی طاقت و قوت کے ذریعہ طویل حکمرانی کریں گے۔ اجلاس کے آخری دن وزیراعظم مودی نے دو نعرے ’’اجئے بھارت‘‘ اور ’’اٹل بھاجپا‘‘ لگائے جبکہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے ادعا کیاکہ اگر بی جے پی 2019 ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو اُسے مزید 50 برسوں تک کوئی ہٹا نہیں سکتا۔ مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے وزیراعظم مودی کے نعروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ ’’اٹل بھارت‘‘ کا مطلب بھارت کو کوئی بھی کامیابی سے روک نہیں سکتا جبکہ ’’اٹل بھاجپا‘‘ کا مطلب بی جے پی کو اِس کے اُصولوں پر قائم رہنے کی وجہ سے کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا۔ پرساد کے مطابق وزیراعظم مودی نے کہاکہ ’’ہم اپنے اُصولوں کے ساتھ وقف ہوتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ اُصول، ہمیشہ ایک ہی رہیں گے صرف ’’حکمت عملی‘‘ میں تبدیلی ہوگی جو ناگزیر ہے اور وقتاً فوقتاً ہوگی۔ پرساد کے مطابق مودی نے مزید کہاکہ ’’ہم نے ہماری حکومت کا اُصول‘‘ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ پر رکھا ہے۔ ’’اُجوالا اسکیم‘‘ کے تحت 5 کروڑ عوام کو اس سے فائدہ ہوا ہے اور بغیر کسی بھید بھاؤ، مذہب و فرقہ، گیس کنکشن دیئے گئے ہیں۔ 18 ہزار دیہاتوں کو ساڑھے چار برسوں میں برقی پہنچائی گئی ہے۔