م20 مئی سے خانگی بس آپریٹر کی ہڑتال کا اعلان

حیدرآباد۔9مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا میں خانگی بس آپریٹرس سے بیجا ٹیکس کی وصولی کے خلاف حیدرآ باد اور سکندرآبادسٹی بس آپریٹرس اسوسی ایشن کے آج ایک اہم اجلاس کا گنگاپوترا سنگم افضل گنج میں منعقد کیا۔ صدر اسوسیشن ایم گویند راج اور جنرل سکریٹری محمد معظم کی نگرانی میںمنعقدہ اجلاس میں ریاست تلنگانہ اور آندھرا کے چار سوکے قریب خانگی بس آپریٹرس نے شرکت کی۔ مسٹر گویندر اج نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش کے 23اضلاع میں بس کی ایک نشست کے لئے893ٹیکس وصول کیا جاتا تھاجبکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد دس اضلاع کے لئے بھی وہی ٹیکس وصول کیاجارہا ہے حالانکہ اضلاع کی کمی کے بعد ٹیکس میں بھی پچاس فیصد کی کمی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ علیحدہ ریاستوں کے قیام کے بعد آندھرا کے خانگی بسوں سے تلنگانہ حکومت نے ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کیاجس کے فور ی بعد آندھرا حکومت نے بھی تلنگانہ کے خانگی بسوں سے ٹیکس وصول کرنے کے احکامات جاری کردئے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوںر یاستوں کی حکومتوں کے اعلان کا راست اثر خانگی بس آپریٹرس کی معیشت پر پڑرہا ہے۔جنرل سکریٹری اسوسیشن محمد معظم نے بتایا کے سوائے تلنگانہ اور آندھرا کے ہندوستان کی تمام ریاستوں میں خانگی بس آپریٹرس اور ٹرانسپورٹ کارپوریشنس کے درمیان اچھا تال میال اور اشتراک ہے جس کی وجہہ سے کارپوریشن کی ہڑتال کے اعلان پر متعلقہ حکومتیں خانگی بس آپریٹرس کی مدد سے مسافرین کو درپیش مسائل حل کرتے ہیں۔انہوں نے تلنگانہ میں محکمہ آرٹی سی کی جاری ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ریاستی محکمہ روڈ اور ٹرانسپورٹ وخانگی بس آپریٹرس کے درمیان میںبہتر تال میل کے ذریعہ موجودہ حالات میں مسافرین کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ آرٹی سی کی جانب سے پیش کئے جانے والے سالانہ چار تا پانچ ہزار کروڑ روپئے کے خسارے کا بھی حل خانگی بس آپریٹرس سے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ سے اشترا ک ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد سکندرآباد سٹی بس آپریٹرس ‘ تلنگانہ اور آندھرا خانگی بس آپریٹرس اسوسیشن کے ذمہ داران دونوں ریاستوں کے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے خانگی بس آپریٹرس کو درپیش مسائل کے متعلق نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے مسائل کے حل میں تاخیر کے خلاف 20مئی سے خانگی بس آپریٹرس کی ہڑتال کا انتباہ دیااور تمام خانگی بسوں کوحیدرآباد کے بس بھون او ر اضلاع کے خانگی بسوں کو متعلقہ آرٹی اے دفتر پر کھڑا کردینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ جون 30کو مکمل بند کا اعلان کیا۔