3 سالہ کنٹراکٹ ختم ، 720 ملازمین کی نوکری برخاست
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تمام 342 می سیوا سرویس 19 مارچ سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے کیوں کہ سینکڑوں ارکان اسٹاف کو ملازمت ختم ہونے کی اطلاع دے دی گئی ہے کیوں کہ سرویس فراہم کرنے والوں اور حکومت کے مابین طئے شدہ کنٹراکٹ کی تین سالہ مدت ختم ہوچکی ہے ۔ ریاست بھر کے 110 سنٹرس پر 720 ملازمین کام کررہے تھے جن میں منیجر کی سطح سے چپراسی تک کے ملازمین شامل ہیں ۔ کمپنی اوم انفو نے سال 2013 مارچ میں حکومت کے ساتھ کنٹراکٹ طئے کیا تھا ۔ ووپادھی ٹکنو سرویس پرائیوٹ لمٹیڈ اور آئی ٹی گلوبل کو بعد میں ذیلی کنٹراکٹ دئیے گئے ۔ پہلی مرتبہ سرویس فراہم کرنے والوں نے ملازمین کو برطرفی کے لیٹر دئیے ہیں ۔ برطرف کئیے گئے ملازمین میں بیشتر وہ ہیں جو 12 سال زائد عرصہ سے کام کررہے ہیں ۔ می سیوا سے قبل وہ ای سیوا میں خدمات انجام دے رہے تھے ۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں 55 می سیوا سنٹرس کام کررہے ہیں ۔ سرویس فراہم کرنے والے ادارہ کے نمائندہ نے کہا کہ می سیوا اسٹاف کو برطرفی کی نوٹس لیبر ڈپارٹمنٹ کے قواعد کے مطابق دی گئی ہے ۔۔