حیدرآباد ۔ یکم جولائی (پریس نوٹ) کانگریس کی جانب سے 12 فیصد مسلم تحفظات کے لئے 2 جولائی کو ایک واک کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ ٹی آر ایس حکومت پر اس بات کے لئے دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مسلمانوں سے کئے گئے اس کے اہم انتخابی وعدہ کو پورا کرے۔ کانگریس پارٹی نے پسماندہ مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں وعدہ کے مطابق 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامی کے خلاف ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل، جی ایچ سی سی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ چیرمین نے یہ بات بتائی اور کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے 12% کوٹہ پر مسلمانوں کے ساتھ کھلا دھوکہ کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے لئے یہ واک ایک پوسٹ کارڈ مہم کا حصہ ہے جس میں 12,000 پوسٹ کارڈس چیف منسٹر کو روانہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے وعدہ کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ گاندھی بھون تا جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) عابڈس اس واک میں کانگریس قائدین حصہ لیں گے اور ان کے پوسٹ کارڈس ڈالیں گے۔ عبداللہ سہیل نے 12% کوٹہ کے لئے مہم کو ایک عوامی تحریک قرار دیا جو کے سی آر کے فریب کے خلاف چلائی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ مسلمانوں کی وجہ سے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوا جنھوں نے 12 فیصد تحفظات کے لئے کے سی آر کے وعدہ پر بھروسہ کرکے اس پارٹی کو ووٹ دیا لیکن گزشتہ چار سال سے اس مسئلہ کو حل نہیں کیا گیا اور اس میں بہانے بنائے جارہے ہیں۔ اسمبلی میں بل منظور کرنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وعدہ پورا ہوگیا ہے بلکہ ٹی آر ایس حکومت کو ملازمتوں اور تعلیم میں بی سی ۔ ای زمرہ کے تحت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنا چاہئے۔