می سیوا سے انکم سرٹیفیکٹ کی اجرائی میں تاخیر

سینکڑوں طلبہ اسکالر شپس اسکیم سے استفادہ کے لیے فکر مند
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : اقلیتی طلباء کے لیے مرکزی و ریاستی حکومت نے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کے لیے تحصیلدار سے انکم سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی شرط عائد کی ہے ۔ لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ می سیوا پر انکم سرٹیفیکٹ کے لیے درخواستیں داخل کرنے کے باوجود سرٹیفیکٹ کی اجرائی میں مسلسل تاخیر روا رکھی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کئی طلباء وطالبات کے اسکالر شپس سے محروم ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام نے تاخیر کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ ضروری تحقیقات کے بعد ہی انکم سرٹیفیکٹ جاری کیا جاتا ہے ۔ حالانکہ انکم سرٹیفیکٹ کے لیے کسی بھی طرح کے انکوائری کی ضرورت نہیں ہے اور انکم سرٹیفیکٹ برسر موقع بھی جاری کیا جاسکتا ہے ۔ متعلقہ تحصیلدار کی جانب سے اقلیتوں کے ساتھ انکم سرٹیفیکٹ کی اجرائی میں امتیازی سلوک برتا جارہا ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ، ایم اے قدیر نائب صدر ایم ڈی ایف نے محکمہ مالگذاری کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں تمام کلکٹرس کو ہدایت دیں کہ انکم سرٹیفیکٹ کی درخواست پر اندرون تین یوم سرٹیفیکٹ جاری کریں اور عوام میں پیدا ناراضگی کو دور کریں ۔۔