ممبئی 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار عامر خان نے آج کہا کہ ان کا ہندوستان چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ وہ دو ہفتوں سے زیادہ بیرون ملک نہیں رہ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں۔ میں یہاں پیدا ہوا اور یہیں مرونگا ۔ انہوں نے کبھی بھی ہندوستان چھوڑنے کے تعلق سے نہیں سوچا اور نہ ایسا کوئی قدم اٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے رنگ دے بسنتی فلم کے 10 سال کے موقع پر ایک تقریب میں یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہندوستان غیر روادار ملک ہے یا وہ ہندوستان چھوڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو باتیں ہر کسی سے کہی جاتی ہیں اور ان سے دوسروں کو تکلیف ہوتی ہے ۔و اضح رہے کہ گذشتہ دنوں عامر خان پر عدم رواداری کے تعلق سے ریمارکس پر مختلف گوشوں سے تنقیدیں کی جا رہی تھیں۔