میں نے نیس سے پیسہ بٹورنے کیلئے پولیس سے رجوع نہیں کیا : پریتی زنٹا

نئی دہلی ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایکٹریس پریتی زنٹا جن کے خود اپنے ہی سابقہ بوائے فرینڈ نیس واڈیا کے خلاف پولیس میں دست درازی کئے جانے کے معاملہ کو لیکر ان سے پوچھے جانے والے سوالات پر بالآخر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرنے کا مقصد کوئی سستی شہرت حاصل کرنا نہیں تھا ۔ اب جبکہ ممبئی پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے، 39 سالہ ایکٹریس نے فیس بک پر اپنے بلاگ میں کہا ہے کہ انہیں یہ جان کر بیحد حیرت ہوئی کہ کچھ لوگ پولیس میں درج کردہ شکایت کے پس پشت وجوہات جاننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد اور جارحیت کرنا ویسے بھی ایک غلط بات ہے

لیکن اگر کوئی خاتون اس کے ساتھ ہوئی زیادتی کے خلاف پولیس سے رجوع ہوئی ہے تو اس پر بھی لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے اور وہ اس کی وجوہات جاننا چاہتے ہیں۔ میں اپنے کسی بھی خانگی معاملہ کو پولیس سے رجوع کیوں کرو ںگی ؟ جس خانگی معاملہ کی دہائی دی جارہی ہے وہ انہوں نے 2009 ء میں ہی ختم کردیا تھا اور اس وقت جو بھی ہوا تھا اس کے لئے انہوں نے کبھی پولیس سے رجوع نہیں کیا لیکن اب نیس کے ساتھ تعلقات توڑ کر چھ سال کا طویل عرصہ گزرچکا ہے تو اب یہ معاملہ خانگی نوعیت کا نہیں رہا ۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ یہ الزام لگانا غلط ہے کہ انہں نے نیس واڈیا کے خلاف پولیس میں اس لئے شکایت درج کروائی کہ انہیں دولت اور شہرت دونوں ملیں گے۔