ممبئی۔/11مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے زمانے کی نامور اداکارہ اور خصوصی طور پر راج کمار کوہلی کی ملٹی اسٹار فلم ’ ناگن ‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی رینا رائے نے ایک حالیہ ملاقات کے دوران بتایا کہ انہوں نے فلموں سے سنیاس نہیں لیا ہے، اُن کے پاس آج بھی آفرس آتے ہیں جہاں ان کی عمر اور ڈیل ڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکرپٹس لیکر کئی لوگ آئے لیکن پتہ نہیں کیوں انہوں نے ان تمام اسکرپٹس کو اپنے لئے پُرکشش نہیں پایا۔ ٹی وی سیریلز کے بھی آفرس آرہے ہیں اور شاید ممکن ہے کہ رینا رائے مستقبل قریب میں ایک انتہائی جاندار رول میں چھوٹے پردے پر نظر آئیں گی۔
یاد رہے کہ رینا رائے نے بی آراشارہ کی فلم ’’ ضرورت‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ جس میں ان کے ساتھی اداکاروں میں وجئے اروڑہ اور ڈینی کے نام قابل ذکر ہیں۔ جتندر کے ساتھ ان کی فلم ’’ جیسے کو تیسا‘‘ کے بعد رینا رائے صف اول کی اداکاراؤں میں شامل ہوگئیں اور انہوں نے اپنے وقت کے تمام بڑے ہیروز جیسے دھرمیندر، جتندر، فیروز خان، ونود مہرہ، سنیل دت، ونود کھنہ، راجیش کھنہ ، راکیش روشن اور دیگر کے ساتھ ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ فلمیں دیں۔ اپنے کیریئر کے اختتام سے قبل جب وہ بہت موٹی ہوگئی تھیں انہوں نے انیل کپور کی فلم ’ راجکمار‘ میں ایک کیریکٹر رول کیا تھا جس کے ویلن نصیر الدین شاہ تھے لیکن فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔ رینا رائے نے پاکستانی کرکٹ محسن خان سے شادی کی تھی لیکن شادی کامیاب نہ ہوسکی۔ رینا رائے کی جوان بیٹی بھی ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ بھی بہت جلد بالی ووڈ میں داخلہ لے گی۔