کرپشن پر سدارامیا کے بجائے یدی یورپا کا نام لینا زبان کی لغزش
میسور 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی انتخابی مہم کے دوران زبان کی لغزش ہونے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے رائے دہندوں سے کہاکہ میں نے غلطی کی ہے آپ یہ غلطی مت کیجئے۔ کرپشن کے مسئلہ پر چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کو سب سے زیادہ بدعنوان لیڈر قرار دینے کے بجائے انھوں نے یدی یورپا کو کرپشن کا بے تاج بادشاہ قرار دیا تھا۔ ان کی اس غلطی کے تعلق سے بی جے پی کے دوسرے لیڈر نے فوری نشاندہی کی تھی۔ سدارامیا حکومت پر شدید تنقید کرنے والے امیت شاہ آج کرناٹک کے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی لغزش کو معاف کردیں اور بی جے پی کو ووٹ دیں۔ امیت شاہ نے اپنی انتخابی تقریر میں کہا تھا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج نے کہا تھا کہ اگر سب سے زیادہ کرپشٹ حکومت کا مقابلہ ہوتا ہے تو ایسے میں یدی یورپا حکومت کو اول درجہ دیا جائے گا۔ اگرچیکہ امیت شاہ سدارامیا حکومت کا حوالہ دینا چاہتے تھے لیکن انھوں نے یدی یورپا کا نام لیا تھا۔ اس سے فوری بعد انھوں نے اپنا جملہ درست کرلیا لیکن ان کی اس غلطی کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ صدر بی جے پی اس وقت میسور، چامراج نگر، مانڈیا اور رام نگڑھ اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔ ان چار اضلاع میں جملہ 26 حلقے ہیں جو سدارامیا کا آبائی علاقہ ہے جہاں بی جے پی کو 2013 ء میں ایک بھی نشست نہیں ملی تھی۔ اب وہ ان حلقوں پر اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے کی کوشش کررہی ہے۔
امیت شاہ کو کرناٹک میں داخلوں ہونے نہ دیا جائے: کانگریس
بنگلورو ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا اور پارٹی کے آنجہانی کارکن کے ارکان خاندان کو 5 لاکھ روپئے ادا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کرناٹک کانگریس کے کارگذار صدر دنیش گنڈوراؤ نے آج مطالبہ کیا کہ امیت شاہ کو کرناٹک میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ وہ اس ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ بی جے پی کارکن راجو مارچ 2016ء میں ہلاک کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی تھی۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے اس کے ورثاء کو کل رقم ادا کی۔
سدارامیا حکومت کی الٹی گنتی شروع:امیت شاہ
میسور 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام)صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ کرناٹک کے وزیراعلی سدارامیا کی زیر صدارت حکمران کانگریس آنے والے اسمبلی انتخابات میں اقتدار پر برقرار نہیں رکھ سکتی کیوں کہ ریاست میں بی جے پی کارکنوں کے قتل کے سلسلہ وار واقعات ہوئے ہیں۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ ریاست میں ماضی قریب میں 23سے زیادہ بی جے پی کارکنوں کے قتل کئے گئے ، امیت شاہ نے کہا ”سدارامیا حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ اب کرناٹک جلد کانگریس سے پاک بن جائے گا۔ ” سدارامیا ساری ریاست کاد ورہ کررہے ہیں جس کا مقصد 12مئی کو مقررہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کو یقینی بنانا ہے ۔ وہ پرانے میسورو علاقہ کے دو روزہ دورہ پر یہاں پہنچے ہیں۔ امیت شاہ مختلف طبقات سے ملاقات کریں گے ۔ امیت شاہ نے بی جے پی کارکن راجو کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کے بعد جس کا حال ہی میں بیدردانہ قتل کردیا گیا تھا’ یہ وعدہ کیا کہ یدی یورپا کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد خاطیوں کے خلاف جہاں کہیں بھی چھپے ہوئے ہوں’ معاملہ درج کیا جائے گا اور انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیاجائے گا۔امیت شاہ کا یہ کرناٹک کا چوتھا انتخابی دورہ تھا۔ انہوں نے سدارامیا کے آبائی حلقہ انتخاب قدیم میسورو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا تھا۔