ممبئی ۔ 14 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ڈائرکٹر ایکٹر مہیش منجریکر جو ایم این ایس کے ٹکٹ پر ممبئی سے مقابلہ کر رہے ہیں، نے کہا کہ یوں تو مراٹھی فلمیں دیکھنے والا طبقہ انہیں بہت اچھی طرح جانتا ہے لیکن کچھ ہٹ ہندی فلموں میں کام کرنے کے بعد اب ہندوستان کا ہر شہری انہیں پہچاننے لگا ہے ۔ ورنہ مراٹھی فلمی صنعت میں بھی ایک سے بڑھ کر ایک ایکٹر گزرے ہیں جیسے وی شانتا رام ، ارون سرنائیک ، شردتلولکر ، رمیش دیو ، رویندر مہاجنی، نیلو پھلے وغیرہ لیکن رمیش دیو کے سوائے کسی نے بھی ہندی فلموں کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ اسی لئے قومی سطح پر ان کی کوئی پہچان نہیں بن سکی ۔ مہیش منجریکر نے کہا کہ وہ آج کل انتخابی مہم میں بہت زیادہ مصروف ہیں، جہاں انہوں نے عوام سے کوئی بڑے بڑے وعدے نہیں کئے ہیں۔ صرف اتنا کہا ہے کہ اگر کسی کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو اس کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے وہ مجھ سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ آج کی سائبر نسل مسائل خود پیدا کرتی ہے اور اس کا حل بھی ڈھونڈ نکالتی ہے ۔ راج ٹھاکرے جی نے شاید اسی لئے مجھے ٹکٹ دیا ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مہیش مجنریکر ایک مشہور نام ہے اور عوام اسے جانتے ہیں، چاہتے ہیں تو میں بھی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم وانٹیڈ میں مہیش منجریکر نے ایک کرپٹ پولیس آفیسر کا رول بہت خوبی سے نبھایا تھا۔