این ڈی اے دور سے زیادہ یو پی اے کا دور شاندار ، ملک کی معیشت میں زبردست اضافہ
نئی دہلی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ نے جن کی میعاد دوران بی جے پی نے شدید تنقید کی، آج جوابی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی نے سوچا تھا کہ میں ’’کمزور‘‘ ہوں اور حکومت چھوڑ کر بھاگ جاؤں گا۔ لیکن میں نے اپوزیشن کے خیال کو غلط ثابت کردیا۔
سونیا گاندھی، راہول گاندھی کی ستائش کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ این ڈی اے کے دورحکومت سے زیادہ یو پی اے حکومت کے دور میں ملک کی شاندار ترقی ہوئی ہے۔ ان کے دورحکومت میں بدعنوانیوں پر قابو نہ پانے اور ایک کمزور وزیراعظم ہونے کے متعلق بی جے پی کی تنقید غیر درست ثابت ہوئی۔ اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ ترقی پذیر معیشت میں رشوت کا صفایا نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان رجحانات کو ختم کیا جانا چاہئے جس سے رشوت کو بڑھاوا ملتا ہو۔ انہوں نے آئندہ بھی کانگریس کی ہی حکومت ہونے کا اظہاراعتماد کیا۔