بیوی کو چھپانے والے بزدل ہوتے ہیں،خاتون صحافی سے معشوقہ کا برملا اظہار
بھوپال یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے آج ایک نوجوان خاتون صحافی کے ساتھ اپنے تعلقات کا برملا اظہار کرتے ہوئے نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مودی کی طرح بزدل نہیں ہیں جنہوں نے برسوں تک اپنی شادی شدہ زندگی کو پوشیدہ رکھا۔ 67 سالہ کانگریس لیڈر ان دنوں ایک نوجوان خاتون صحافی کے ساتھ عشق کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے معشوقہ کا برسر عام اعلان کیا ہے۔ اپنی پارٹی کو کسی دباؤ سے بچانے کیلئے انہوں نے اعلان کردیا ہے کہ یہ ان کا شخصی معاملہ ہے جبکہ ڈگ وجئے سنگھ کے فرزند اور مدھیہ پردیش اسمبلی کے رکن جئے وردھن سنگھ نے بھی کہہ دیا ہے
کہ دوسری شادی کرنے ان کے والد کا فیصلہ ذاتی معاملہ ہے انہوں نے اپنے والد کے فیصلے کی بھر پور حمایت کی ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے میں مودی کی طرح اپنے رشتوں کو پوشیدہ نہیںرکھتا ۔ میں اس معاملہ میں صاف ہوں۔ میں بزدل نہیں ہوں کہ اپنی بیوی کو پوشیدہ رکھوں ۔ جاریہ انتخابی مہم کے دوران ڈگ وجئے سنگھ مسلسل نریندر مودی پر تنقید کررہے ہیں کیونکہ مودی نے اپنی شادی شدہ زندگی کو چھپا کر رکھا تھا بعدازانہوں نے پہلی مرتبہ اپنی بیوی ہونے کا اعتراف کیا تھا ۔ وڈودرا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران مودی نے حلف نامہ میں اپنی بیوی جسودا بین کا نام تحریر کیا تھا۔اس سے پہلے کے حلف نامے میں انہوں نے اپنی بیوی کا ذکر نہیں کیا تھا ۔