نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرخارجہ نٹور سنگھ کے اپنے سونیا گاندھی کے بارے میں تبصروں سے تنازعہ پیدا کرنے کے بعد صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا کہ وہ خود اپنی کتاب تصنیف کریں گی جس میں ’’صداقت‘‘ بے نقاب کی جائے گی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ اس کے بعد آپ کو ہر بات معلوم ہوجائے گی۔ سچائی کے انکشاف کا یہی ایک طریقہ ہے کہ وہ خود اپنی کتاب تصنیف کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بارے میں سنجیدہ ہیں اور بہت جلد کتاب تحریر کرنا شروع کریں گی۔ اس سوال پر کہ نٹور سنگھ کی خودنوشت سوانح عمری میں ایک تنازعہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2004ء میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کی وجوہات اپنی کتاب میں تفصیل سے بیان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نٹور سنگھ کے تبصرہ سے ٹھیکس نہیں پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سے بد تر سانحوں کا سامنا کرچکی ہی۔ ان کے شوہر اور ساس راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی کا قتل کردیا گیا تھا۔ اس سانحہ کو بھی انہیں برداشت کرنا پڑا تھا۔ کانگریس نے کل نٹور سنگھ کے تبصرہ پر ان کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے تبصروں کا مقصد اپنی نئی کتاب کو شہرت دینا اور اس کی فروخت میں اضافہ کرنا تھا جو سیاسی مفادات حاصل کرنے مقصد سے تصنیف کی گئی ہے۔