میں بغلگیر ہوا، رافیل معاملت نہ کی، سدھو کا طنز

چنڈی گڑھ ، 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ پاکستان کے فوجی سربراہ سے اُن کے بغل گیر ہونے کو حد سے زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے، انھوں نے آج بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تو بس ’’جھپی‘‘ (بغل گیر ہونا) رہی اور کوئی رافیل معاملت نہیں ہوگئی۔ کرکٹر سے سیاست داں بننے والے کی کانگریس پارٹی مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت کو رافیل لڑاکا جٹ طیارہ کی معاملت پر مسلسل نشانہ بناتی آئی ہے اور اس معاملے میں کئی کروڑ روپئے مالیت کے اسکام کا الزام عائد کیا ہے۔ جب وزیر دفاع نرملا سیتارمن نے کہا کہ سدھو کے عمل نے ہندوستان میں سپاہیوں کا حوصلہ پست کیا، اس پر کانگریس لیڈر نے صحافیوں کے گروپ کو بتایا کہ آپ اس مسئلہ کو پھر اُبھار رہے ہو۔ سدھو یکایک اتنا اہم شخص بن گیا ہے کہ وزیر دفاع بیان دے رہی ہیں۔ یہ تو بس جھپی ہوئی۔ یہ کوئی سازش نہیں، جھپی رافیل معاملت نہیں، جھپی جوانوں پر گولیاں مارنے کا عمل نہیں ہے۔