میں ایک حقیقی مسلمان ہوں ، پیغمبر اسلام عظیم یوگی

یوگا کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ، ساکشی مہاراج کا دعویٰ
نئی دہلی ۔ 15 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے آج یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے کہ وہ ایک حقیقی مسلمان ہے اور انھوں نے پیغمبر اسلام ﷺ کو ’’عظیم یوگی ‘‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ وہ سب سے زیادہ یوگاکرنے والے تھے ۔ بی جے پی لیڈر جنھوں نے ماضی میں اقلیتوں کے تعلق سے کئی متنازعہ ریمارکس کئے ہیں ، آج کہا کہ اسلام میں سب سے عظمت والا نام ’’محمدؐ‘‘ ہے اور میں آپؐ کو ایک عظیم یوگی مانتا ہوں ۔ ایک مسلمان وہ ہے جس کے پاس ’’ایمان ہو‘‘ ، اسی لئے وہ مسلمان کہلاتا ہے ۔ میں ایک حقیقی مسلمان ہوں ۔ انھوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ سوریہ نمسکار کو ایک سیاسی موضوع بنانے کی کوشش کررہی ہیں اور اقلیتوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یوگا آسن کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ سوریہ نمسکار کا بھی کسی مذہب سے تعلق نہیں اور اﷲ ، بھگوان یا خدا کے درمیان کوئی فرق نہیں پایا جاتا ۔ اس کے ذریعہ آپ کے جسم ا ور روح کے ساتھ ساتھ دل و دماغ کو سکون حاصل ہوتا ہے ۔ ساکشی مہاراج نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ سورج کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کا سلسلہ بند کریں۔ اگر سورج طلوع نہ ہو تو ساری دنیا تاریک ہوجائے گی ۔ جو لوگ سورج کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہیں انھیں اس کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے ۔ اس دوران وزیر آیوش شری پد نائیک نے جو بین الاقوامی یوم یوگا کے کوآرڈینیٹر ہیں بتایا کہ دنیا بھر میں 47 ممالک نے اس پروگرام کی تائید کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ملک میں اپوزیشن کے پاس کوئی موضوع نہیں ہے ، حالانکہ ہندوستان میں ایک درجن سے زائد مسلم اداروں نے بھی اس پروگرام کی تائید کا اعلان کیا ہے۔