ممبئی، 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے کہا ہیکہ اگر لوگوں کو یہ لگتا ہیکہ وہ نیشنل فلم ایوارڈ کے قابل نہیں ہیں تو وہ اسے واپس لے سکتے ہیں۔’رستم‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ جیتنے والے اس اداکار نے کل کہا، ’’میں فلم انڈسٹری میں کم از کم 25 سال سے کام کر رہا ہوں اور میں نے یہ دیکھا ہے ہر بار جب کوئی نیشنل ایوارڈ حاصل کرتا ہے تو اس بات پر بحث شروع جاتی ہے کہ کون اس کا حقدار ہے‘‘ ۔ہندی فلموں کیلئے اسٹنٹ کرنے والے مووی اسٹنٹ آرٹسٹ اسوسی ایشن کے پروگرام میں شریک اکشے نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا، ’’مجھے یہ اعزاز 25برسوں تک کام کرنے کے بعد ملا ہے ۔ اگر آپ کو لگتا ہیکہ میں اس کا حقدار نہیں ہوں تو آپ اسے واپس لے سکتے ہیں۔’’رستم‘‘کے علاوہ اکشے نے حالیہ دنوں میں’’ھولیڈے :اے سولجر از نیور آف ڈیوٹی‘‘،’’بیبی‘‘ اور ’’ایئر لفٹ‘‘ جیسی محب وطن فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔