میگی نوڈولس کا تنازعہ ، مظفر پور کی عدالت میں بھی کیس درج

مظفر پور ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار کی ایک عدالت نے آج یہ حکم جاری کیا ہے کہ فلمی اداکاروں امیتابھ بچن ، مادھوری ڈکشت اور پریتی زینٹا کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا جائے گا ۔ جنہوں نے میگی نوڈلس کی تشہیر کی ہے اور کہا کہ اگر ضرورت پڑنے پر انہیں گرفتار بھی کرلیا جائے ۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ مظفر پور مسٹر رامچندرا پرساد نے قاضی محمد پور پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی ہے کہ نسیلے انڈیا کے دو اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ 3 فلمی اداکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا جائے اور اس خصوص میں ایک وکیل کی شکایت کی تحقیقات کی جائے ۔ جنہوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ’’2 منٹ نوڈل ‘‘کھانے کے بعد وہ علیل ہوگئے تھے ۔ ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے کل مذکورہ 5 افراد کے خلاف شکایت درج کروائی تھی ۔ عدالت نے سماعت کے بعد یہ احکامات جاری کئے تھے ۔ درخواست گذار نے فلمی اداکاروں کے علاوہ مینجنگ ڈائرکٹر نیسلے انڈیا موہن گپتا اور جوائنٹ ڈائرکٹر شہاب عالم کے خلاف کارروائی کی گذارش کی ہے ۔ شکایت کنندہ نے یہ ادعا کیا ہے کہ انہوں نے 30 مئی کو مظفر پور لینن چوک میں ایک دکان سے میگی نوڈلس خرید کر لائے اور استعمال کرنے کے بعد اچانک بیمار ہوگئے جس کے باعث وہ نیسلے کے خلاف کیس دائر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جو کہ میگی نوڈلس کے تیار کنندہ ہے اور فلمی اداکاروں جنہوں نے برانڈ ایمبسیڈر کی حیثیت سے اس کی تشہیر کی ہے کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ 3 فلمی اداکاروں کے خلاف بارہ بنکی اترپردیش کی عدالت میں پہلے ہی ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔۔