میگھالیہ میں غیر قانونی سم کارڈس کا پردہ فاش

شیلانگ ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : میگھالیہ پولیس نے آج پڑوسی ریاستوں آسام ، ناگالینڈ ، منی پور اور تریپورہ سے غیر قانونی طریقہ پر سم (sim) کارڈس حاصل کر کے ریاست میں عسکریت پسندوں کو فروخت کرنے کا پتہ چلایا ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس مسٹر جی ایچ پی راجو نے بتایا کہ ریاست میں گذشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بلیک مارکٹ میں فروخت کردہ 536 غیر قانونی سم کارڈس ضبط کرلیے گئے ہیں ۔ جب کہ ویسٹ کھاس ہلز ڈسٹرکٹ میں علاقہ شیلانگ سے 416 غیر قانونی سم کارڈس اور ایسٹ گارو ہلز ڈسٹرکٹ میں مختلف دکانات سے 120 غیر مجاز سم کارڈس کی ضبطی عمل میں آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا مارکٹ میں ایک غیر قانونی سم کارڈ 200 تا 300 روپئے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس راجیو مہتا نے تمام ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی ہے کہ غیر قانونی سم کارڈس کی فروخت کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے کیوں کہ ریاست میں سرگرم عسکریت پسند اور مجرموں کی جانب سے بیجا استعمال کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ میگھالیہ بالخصوص گارو ہلز سے سرگرم عسکریت پسند گروپس ، عادی مجرمین ، تاوان وصول کرنے والے اور اغواء کاروں کی ٹولیاں فرضی ناموں سے موبائیل سم کارڈس حاصل کر کے بیجا استعمال کررہی ہیں ۔