شیلانگ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) میگھالیہ میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین ہے جہاں اب تک 38 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کم و بیش 9 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس جی ایچ پی راجو نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک سیلاب سے 38 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں زمین کھسکنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والے بھی شامل ہیں۔ گارو ہلز خطہ کے نشیبی علاقے مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب سے دوچار ہیں جبکہ کھاسی ۔ جینٹا ہلز میں زمین کھسکنے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ 26 افراد گارو ہلز کے تین اضلاع میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ کھاسی ۔ جینٹا ہلز میں ہلاکتوں کی تعداد اُنھوں نے 12 بتائی۔ دوسری طرف ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے بعض علاقے ہنوز ناقابل رسائی ہے لہذا وہاں کسی کو تلاش کرنا یا راحت کاری انجام دینا ممکن نہیں ہے اور اس وجہ سے اس علاقہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ گارو ہلز کے تین سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں زائداز 40 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں جہاں زائداز 30,000 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔