شیلانگ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)میگھالیہ کے گاروہلز میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک 21 افراد کی ہلاکتوں کی توثیق ہوگئی ہے جبکہ مزید 24 افراد کے بارے میں یہ اندیشہ کیا جارہا ہے کہ وہ مرچکے ہیں۔ ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے مطابق گذشتہ 36 گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش نے زائد از تین لاکھ افراد کو شدید طور پر متاثر کیا ہے جبکہ ریلیف کیمپوں میں 20,000 افراد پناہ گزین ہیں جن کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ وزیر اعلی مکل سنگما جو گوہاٹی میں اسپیکر اے ٹی مونڈل کے ساتھ پھنسے ہوئے تھے ۔ انہوں نے حالات کی شدت سے خوفزدہ ہوئے بغیر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ جلد سے جلد نقصانات کا تخمینہ انہیں پیش کریں اور خصوصی طور پر ہدایت بھی کی کہ بچاو اور راحت کاری میں زرہ برابر بھی کوتاہی نہیں ہونا چاہئے اور عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔