شیلانگ ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے میگھالیہ میں لوک سبھا کی دونوں نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ این سی پی سکریٹری ایس آر کوہلی نے ریاستی پار ٹی سربراہ صنوبر شولائی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہا کہ صدر این سی پی شرد پوار نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کے کسی بھی امیدوار کو مقابلہ میں نہ اتارا جائے ۔ انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ ہم میگھالیہ میں کانگریس امیدواروں کی تائید کریں۔ دریں اثناء کانگریس کے ریاستی نائب صدر اوریس لنگڈوہ نے این سی پی کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ کانگریسی امیدواروں کی تائید سے یقیناً پارٹی کو تقویت حاصل ہوگی جس کے لئے وہ شرد پوار کے شکر گزار ہیں ۔ کانگریس امیدوار ڈیرل مومن گورا پارلیمانی حلقہ سے اور پا رٹی کے موجودہ ایم پی ونسینٹ پالا شیلانگ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ واضح رہے کہ ریاستی اسمبلی میں این سی پی کی نمائندگی دو ایم ایل ایز کرتے ہیں جبکہ ریاستی صدر صنوبر شورائی دوسری بار ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔