کولکتہ 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’ میک ان انڈیا ‘ کے نعرہ کو بیرونی کارپوریٹ گھرانوں کو ہندوستان کے قدرتی وسائل لوٹنے کی دعوت قرار دیا ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن سیتا رام یچوری نے کہا کہ نریندر مودی اپنے بیرونی دوروں کے موقع میک ان انڈیا کی بات کرتے ہیں یہ در اصل بیرونی کارپوریٹ گھرانوں کیلئے دعوت ہے کہ وہ ہندوستان آئیں اور یہاں کے قدرتی وسائل کو لوٹیں۔ سی پی آئی لیڈر بھوپیش گپتا کی یوم پیدائش صدی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے یچوری نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اب بڑے کارپوریٹ گھرانوں کی بھی تائید رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیاں تیار کی جا رہی ہیں جن سے کارپوریٹ گھرانوں کی مدد ہو رہی ہے اور عام آدمی کی قیمت پر انہیں زیادہ منافع کمانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکٹ میں تیل کی قیمتیں گھٹیں ‘ یہاں بھی کمی کی گئی لیکن اس پر ٹیکس عائد کردیا گیا جس سے قیمتیں پھر بڑھ گئیں۔