میکسیکو کے ایک مکان میں آتشزدگی سات بچے ہلاک

میکسیکو سٹی ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو کی گنجان آبادی والے ازتاپالاپا علاقے میں جمعہ کی صبح ایک مکان میں لگی آگ سے سات بچوں کی درد ناک موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ آگ بوئیناوستا علاقے میں لگی اور اس کی زد میں آنے سے سات بچوں کی موت ہوگئی۔ان بچوں کی عمر 2 سے 13 سال کے درمیان ہے ۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت ان کے والدین گھر پر نہیں تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں لیکن کسی بھی بچے کو اندر سے نہیں نکالا جا سکا۔مقامی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق سردی سے بچنے کے لئے ان کے والدین نے اندر کوئی ہیٹر لگا رکھا تھا اور شاید اس میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہو۔قابل غور ہے کہ ان دنوں میکسیکو میں زبردست سردی پڑ رہی ہے اور لوگ اکثر گیس یا کسی ہیٹر کی مدد سے کمروں کو گرم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔