میکرون عوام کا غم و غصہ اور ناراضگی دور کرنے کوشاں

پیرس، 10 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ‘ییلو ویسٹ’ تحریک کے پیش نظر صدر امینوئل میکرون، عوام کا غصہ کم کرنے کے لئے کئی اہم اعلانات کر سکتے ہیں۔ سرکاری حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔حکومت کے ترجمان بنیامین گری ووکس نے ایل سي آئی، ٹی وی سے کہا ‘‘صدر اہم اعلانات کریں گے ۔ ہم موجودہ عوامی غصہ کو اچھی طرح سمجھ رہے ہیں۔ ہمیں جلد از جلد ٹھوس قدم اٹھا کر اس عوامی غصہ کا جواب دینا ہو گا۔ ‘ییلو ویسٹ’ مظاہرین کے سبھی مطالبات کو اگرچہ جادو کی چھڑی گھماکر ایک دم پورا نہیں کیا جا سکتا’’۔نیوز چینل آر ٹی ایل اور ایل سی آئی کو دیئے گئے انٹرویو میں فرانس کے وزیر خارجہ جین یویس لے ڈرین نے کہاکہ ‘‘صدر امینوئل میکرون قوم سے خطاب کرینگے اور ایک ٹھوس پیغام دیں گے‘‘۔ وزیر خارجہ نے اگرچہ میکرون کے خطاب کے وقت اور عوام کا غصہ کم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ملک میں عوامی تحریک کا سامنا کرنے والے فرانس کے صدر اس ہفتے قوم سے خطاب کر سکتے ہیں جس میں وہ معیشت میں اعتماد سازی اور لوگوں کی ناراضگی کو دور کرنے کی کوشش کرینگے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ الزبتھ بورنے نے کچھ دن پہلے ہی کہا تھا کہ فرانس کے لوگ جواب چاہتے ہیں۔ صدر فرانس لوگوں کو یہ پیغام دیں گے کہ انہیں لوگوں کے غصہ کا علم ہے اور وہ عوام کے مطالبات سن رہے ہیں اور یقینی طور پر نئے حل تلاش کیے جائیں گے ۔ میکروں نے اپنے گزشتہ خطاب میں کہا تھا کہ میں اس غصہ کو سمجھتا ہوں۔ مظاہرین کی آواز سنجیدگی سے سننے کی ضرورت ہے ۔ سماج کو حل کی ضرورت ہے ۔ اسکے بعد سے مسٹر میکرون نے عوامی غصہ کم کرنے کے لئے سلسلہ وار طریقے سے کئی طرح کی رعایتیں فراہم کیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا ہر تین ماہ میں عالمی قیمتوں کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔عوامی تحریک کے سامنے جھکتے ہوئے مسٹر میکرون نے اس ہفتے ایندھن پر لگائے جانے والے ٹیکس کا پہلے سے طے شدہ منصوبہ ملتوی کر دیا۔ اسکے باوجود فرانس میں 17 نومبر کو شروع ہوئے مظاہرے رکنے کا نام نہیں لے رہے اور عوامی غصہ بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔ مظاہرین ٹھوس اقدامات اٹھانے اور کم از کم اجرت میں اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔فرانس کی وزارت داخلہ کے مطابق ملک گیر مظاہروں میں 2000 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا اور 1700مظاہرین پولیس کی حراست میں ہیں۔