حیدرآباد ۔ 30اپریل ( سیاست نیوز) میڑچل کے قریب قومی شاہراہ 44 پر طویل عرصہ سے لیت و لعل کی شکار 158 کلومیٹر طویل کنڈلاکوئی آؤٹر رنگ روڈ یکم مئی سے ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے کھول دی جائے گی ۔ اگرچہ یہ بڑا پراجکٹ پہلے ہی مکمل ہوچکا تھا لیکن صرف 1.10 کلومیٹر کی تکمیل عدالتی کشاکش اور دیگر مسائل کے سبب تعطل کا شکار تھی ۔ 125 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر شدہ اس آؤٹر رنگ روڈ کی تکمیل کے بعد مسافت اور وقت میں کمی کے ساتھ ٹریفک کی بلارکاوٹ اور پُرسکون آمد و رفت یقینی ہوجائے گی ۔ یہ پراجکٹ 2010ء میں تکمیل کیا جانے والا تھا لیکن سپریم کورٹ کے حکم التواء کے بعد 2015ء تک کام روک دیا گیا تھا ۔ بعد ازاں 2016ء میں عدالت عظمی کی ہدایات پر کام کا دوبارہ آغاز ہوا لیکن دیگر وجوہات کی وجہ تاخیر ہوئی ۔