میڑچل کے قریب خوفناک سڑک حادثہ ، 35 افراد بشمول کمسن بچے شدید زخمی

چار کی حالت تشویشناک ، زخمیوں کو ہاسپٹل منتقلی میں ڈپٹی مئیر کی بروقت خدمات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر کے نواحی علاقہ میڑچل کے قریب پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 35 افراد بشمول کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے جن میں 4 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرہ گڈہ سلطان نگر کے ساکنان ایک کی تقریب میں شرکت کے لیے خانگی بس میں کاماریڈی جارہے تھے کہ میڑچل کے قریب بس الٹ گئی ۔ حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی تحصیلدار نے جائے مقام پہونچکر زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ اور جیسے ہی اطلاع سلطان نگر ایرہ گڈہ کے علاقوں میں پہونچی ۔ ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے زخمیوں کی عیادت کے لیے ہاسپٹل پہونچ گئے اور زخمیوں کو شہر کے کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کروایا ۔ نمس ، یشودھا اور رینبو ہاسپٹل پہونچکر ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور زخمیوں کو دلاسہ دیا ۔ اس موقع پر زخمیوں کے ہمراہ علاج معالجہ میں نمائندہ کارپوریٹر ایرہ گڈہ محمد شریف بھی موجود تھے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایرہ گڈہ سلطان نگر کے ساکنان کل رات تقریب میں شرکت کے لیے بذریعہ خانگی ٹورسٹ بس روانہ ہوئے بس جیسے میڑچل کو عبور کیا اور کلاکل علاقہ پہونچی اس دوران ایک موٹر سیکل راں کو بچانے کی کوشش میں بس الٹ گئی ۔ اس بس میں 42 افراد بشمول خواتین اور کمسن بچے بھی شامل تھے اور 35 افراد زخمی ہوگئے جس میں 10 شدید زخمی اور 4 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ زخمیوں میں 2 کمسن بچے اور دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ ڈپٹی مئیر مسٹر بابا فصیح الدین نے کارپوریٹرز ہاسپٹلز میں علاج کے دوران نمائندگی کی اور آج سارا دن ہاسپٹلس میں گھومتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ ڈپٹی مئیر نے یشودھا ہاسپٹل میں زخمیوں سے رقم لینے پر شدید برہمی ظاہر کی اور دیگر کارپوریٹ ہاسپٹلس کو بھی زخمیوں سے ایک روپیہ بھی وصول کرنے کے خلاف انتباہ دیا اور زخمیوں کو یقین دلایا کہ مکمل صحت یابی تک ان کا علاج چیف منسٹر ریلیف فنڈز کے ذریعہ کروایا جارہا ہے ۔ ڈپٹی مئیر کے مشورے پر زخمیوں کو کارپوریٹر ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور رات دیر گئے تک ڈپٹی مئیر ، وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی سے رابطہ میں رہے اور ان کے ذریعہ ہاسپٹل انتظامیہ کو ہدایت جاری کروائی گئی ۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کا چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ علاج کیا جارہا ہے آج رینبو ہاسپٹل سے 5 اور یشودھا ہاسپٹل سے 5 افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ جب کہ 2 خواتین اور 2 بچوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان کی صحت پر خصوصی توجہ دینے اور ڈاکٹرز کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے زخمیوں اور ان کے رشتہ داروں کو بہتر طبی سہولیات کا یقین دلایا ۔۔