نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رواں سال سے میڈیکل کورسیس کیلئے مشترک داخلہ امتحان کے انعقاد پر قانون سازوں کی طرف سے اعتراضات کا سلسلہ جاری ہے۔ جیسا کہ لوک سبھا میں آج ارکان نے دوبارہ یہ مسئلہ اٹھایااور حکومت نے اعتراف کیا کہ بعض عملی مسائل موجود ہیں۔ وزیرپارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے نشاندہی کی کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کا ہے، حکومت کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ارکان کی فکرمندی سے وزیرصحت کو واقف کرائیں گے جو اس ضمن میں قانونی حکام سے مشاورت کریں گے۔ کے سی وینو گوپال (کانگریس) نے اس فیصلہ کو جلدبازی میں کیا گیا اور عملی طور پر دشوار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے والدین میں الجھن اور اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کامن انٹرنس ٹسٹ کی مخالفت نہیں کی لیکن کہا کہ اس پر آئندہ سال سے عمل آوری ہونا چاہئے۔