نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا نے ایک حساس قومی میڈیکل کمیشن بِل کو آج پارلیمانی کمیٹی سے رجوع کردیا۔ یہ بِل میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) کی جگہ لیتے ہوئے طبی تعلیم کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد پر مبنی ہے۔ ایوان زیریں نے اسٹانڈنگ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجٹ سیشن سے قبل اِس پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اِس بل کے خلاف ملک بھپر کے ڈاکٹروں نے سخت احتجاج کیا تھا اور ڈاکٹروں کی اساسی تنظیم نے آج بند بھی منایا جس کو اپوزیشن جماعتوں کی تائید حاصل تھی۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے اِس بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کئی ریاستوں کے دواخانوں میں ہڑتال منظم کی۔ ڈاکٹروں کی اِس تنظیم نے آج یوم سیاہ منایا۔ تاہم حکومت کی جانب سے اِس بل کو پارلیمانی کمیٹی سے رجوع کئے جانے کے بعد ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
پاسپورٹ ریاکٹ :بنگلہ دیشی شہری
اور دیگر افراد گرفتار
لکھنؤ ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک بنگلہ دیشی شہری ان تین افراد میں شامل ہے جن کو اترپردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی جتھے نے گرفتار کیا ہے ۔ کیونکہ ان پر فرضی دستاویزات کی اساس پر پاسپورٹ بنانے والی ٹولی کا حصہ ہونے کا الزام ہے ۔ انٹلیجنس عہدیداروں اور اسٹیٹ پولیس کے جوائنٹ آپریشن میں اے ٹی ایس نے بنگلہ دیشی یوسف علی کو غازی آباد کے مراد نگر پولیس اسٹیشن علاقہ سے گرفتار کیا ہے ۔ دو دیگر افراد وسیم احمد اور احسن احمد کو دیوبند اور سہارنپور سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان لوگوں کے قبضے سے جعلی دستاویزات بشمول آدھار کارڈس ، ڈرائیونگ لائسنس ضبط کئے گئے۔