میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے اجازت ناموں کی تجدید کیلئے ایم سی آئی کا فیصلہ قطعی : سپریم کورٹ

نئی دہلی۔27جولائی ( سیاست ڈا ٹ کام)سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجوں کو خبردار کیا ہے کہ طلباء وطالبات کے داخلوںکے اجازت نامہ کی تجدید سے ایک بار انکار کردیئے جانے پر کالجس سپریم کورٹ سے ہدایت حاصل نہیں کرسکتے۔ یہ رولنگ دیتے ہوئے بنچ نے کہا ’’ میڈیکل کونسل آف انڈیا جو ایک قانونی ادارہ ہے اسے کسی بھی کالج کے انسپکشن کی بنیاد پر اس کے اجازت نامہ کی تجدید کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔میڈیکل کونسل آف انڈیا کسی بھی کالج کا انسپکشن کرتے ہوئے یہ جائزہ لیتی ہے کہ آیا اس کالج میں اساتذہ‘ انفراسٹرکچر اور دیگر سہولتیں حسب معیار ہیں یا نہیں اور اس کالج کی جانب سے اس خصوص میں قانون کی پابندی کی جارہی ہے یا نہیں۔ اگر میڈیکل کونسل آف انڈیا کسی بھی کالج کے انسپکشن کے دوران ان معیارات کو اطمینان بخش متصور کرتی ہے تو اس کالج کے اجازت نامہ کی تجدید کردی جاتی ہے اور اگرمتعلقہ کالج کی جانب سے ان معیارات کی تکمیل نہ کی گئی ہو تو وہ اس کالج کے اجازت نامہ کی تجدید سے انکار کرسکتی ہے۔واضح رہے کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا نے تلنگانہ کے 3میڈیکل کالجوں کے اجازت نامہ کی تجدید سے انکار کردیا ہے۔ کیونکہ انسپکشن پر یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ کالجس مصرحہ معیارات کی تکمیل نہیں کرتے ہیں ۔