۔6 سے 85 ہزار تک بڑھانے کی تجویز، نمس کی طرز پر عمل آوری کیلئے حکومت کوشاں
حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ پوسٹ گرائجویٹ میڈیکل ایجوکیشن مکمل کرکے میڈیکل کالجوں میں خدمات انجام دینے والے سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کی ماہانہ تنخواہوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے جبکہ فی الوقت میڈیکل کالجوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس کو ماہانہ 46 ہزار روپئے تنخواہ فراہم کی جارہی ہے لیکن اب اس تنخواہ میں بڑے پیمانے پر اضافہ کرتے ہوئے کم از کم 85 ہزار روپئے ادا کرنے کی تجویز حکومت کے زیرغور ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ڈائرکٹر ریاستی محکمہ میڈیکل ایجوکیشن نے سینئر ریسیڈنٹ ڈاکٹرس کی تنخواہوں کو 46 ہزار روپئے سے بڑھا کر 65 ہزار روپئے کی تجاویز حکومت کو روانہ کی ہیں لیکن ان تجاویز کے مقابلہ میں مزید 20 ہزار روپئے شامل کرکے اس کو 85 ہزار روپئے تک کرنے کیلئے حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے کیونکہ حکومت کا بنیادی مقصد یہ ہیکہ نچلی سطح تا یعنی دیہی سطح تا شہری سطح تک عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولتیں فراہم ہوسکیں۔ بتایا جاتا ہیکہ فی الوقت پوسٹ گرائجویٹ میڈیکل ایجوکیشن مکمل کرنے والے ڈاکٹرس کی ہر جگہ کافی مانگ پائی جاتی ہے جس کے پیش نظر محکمہ میڈیکل ایجوکیشن و صحت و طبابت میں خدمات انجام دہی پر بھی خاطرخواہ تنخواہیں فراہم کرنے کی ترغیب دینے کے مقصد سے ہی حکومت پوسٹ گرائجویٹ ڈاکٹرس کو زیادہ سے زیادہ تنخواہیں فراہم کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہیکہ نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں اب تک ہی سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کو ماہانہ 85 ہزار روپئے تنخواہ فراہم کی جارہی ہے۔ لہٰذا اسی مناسبت سے دیگر سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کو بھی زائد تنخواہ فراہم کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ مزید بتایا جاتا ہیکہ نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے خطوط پر ہی ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کی تنخواہیں اضافہ کرکے فراہم کرنے اور نمس کے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کئے وقت دیگر ریزیڈنٹ ڈاکٹرس کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کرنے سے حکومت نے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت نے سینئر ریزیڈنٹس ڈاکٹرس کی نئی 394 جائیدادوں کو منظور کرتے ہوئے ان جائیدادوں پر عاجلانہ طور پر تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کرنے کیلئے حکومت نے گرین سگنل دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔