میڈیکل کالجس کے اساتذہ کیلئے کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم

عنقریب چیف منسٹر سے منظوری متوقع، کالجس میں اساتذہ کی قلت پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ (پروفیسرس، اسوسی ایٹ پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس) کیلئے ’’کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم‘‘ (سی اے ایس) کے ذریعہ فوائد دینے کیلئے تجاویز مرتب کی گئی ہیں۔ اس سے متعلق فائل ایک دو دن کے دوران منظوری کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو روانہ کئے جانے کا قوی امکان پایا جاتا ہے اور چیف منسٹر کی فائیل پر دستخط ہونے کے ساتھ ہی باقاعدہ طور پر احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اب تک ہی جونیر ڈاکٹرس کو حکومت نے ان کی تنخواہوں میں کافی حد تک اضافہ کرنے کے بعد اب میڈیکل کالجوں میں تدریسی اسٹاف اسکیم‘‘ کو روبہ عمل لانے کے اقدامات کرے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ سات سال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے اساتذہ فی الفور کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم، فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے احتجاج کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور گذشتہ سال غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال بھی شروع کی جس کے پیش نظر حکومت نے انہیں کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم فراہم کرنے کا واضح تیقن دیا تھا اور اس تیقن کی روشنی میں ہی ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تجاویز مرتب کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں تین زمروں کے تدریسی اساتذہ شامل ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے چار سال خدمات انجام دینے پر قوانین کے مطابق اسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی جانی چاہئے اور اسوسی ایٹ پروفیسرس کی حیثیت سے دو سال خدمات انجام دینے کے بعد انہیں پروفیسر کے عہدہ پر ترقی دی جانی چاہئے لیکن اس مدت کے دوران مخلوعہ جائیدادیں نہ رہنے کی وجہ سے انہیں ترقیاں حاصل نہیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے ترقی نہ ملنے اور مالی فوائد بھی حاصل نہ ہونے کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے اساتذہ تشویش کا اظہار کررہے تھے لہٰذا اب ان حالات کی روشنی میں اگر انہیں کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم پر عمل آوری کرنے پر انہیں ترقیاں دینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ اگر کوئی اسسٹنٹ پروفیسر چار سال خدمات انجام دینے پر خودبخود اسوسی ایٹ پروفیسر کو حاصل ہونے والی تنخواہ کے برابر تنخواہ حاصل ہوگی۔ اسی طرح اسوسی ایٹ پروفیسر کی حیثیت سے دو سال مکمل کرلینے پر پروفیسر کی تنخواہ کے برابر تنخواہ خودبخود حاصل ہوگی۔ بتایا جاتا ہیکہ گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں پروفیسرس کی کمی کے باعث میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) میڈیکل کالجوں کے نشستوں کی تعداد میں کمی کررہی ہے جس کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کیلئے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے کی حد عمر میں اضافہ کرتے ہوئے 65 سال کئے تھے لیکن بعض گوشوں سے اس کی مخالفت کئے جانے کی وجہ سے حکومت نے اپنے اس فیصلہ کو معرض التواء میں رکھ دیا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ فی الوقت گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں مذکورہ عہدوں پر خدمات انجام دینے والے 119 اساتذہ کو مجوزہ کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم سے زبردست فائدہ حاصل ہوگا۔