میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے آج ویب آپشن کا آغاز

حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں داخلوں کیلئے کل 28 جولائی سے ویب آپشنس دینے کے عمل کا آغاز ہوگا۔ اس سلسلے میں تلنگانہ ہیلتھ یونیورسٹی نے گزشتہ دن باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ میڈیکل کالجس میں داخلوں کے اہل امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی جانچ کا عمل آج اختتام کو پہونچا اور اس طرح امیدواروں کی قطعی میرٹ لسٹ 27 جولائی کو رات دیر گئے یا 28 جولائی کو صبح کی اولین ساعتوں میں اجرائی عمل لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قطعی میرٹ لسٹ کی اجرائی کے فوری بعد 28 جولائی کو صبح 8 بجے سے ہی امیدواروں کی جانب سے ویب آپشنس درج کرنے کے عمل کا آغاز ہوجائے گا جبکہ قطعی میرٹ لسٹ کے اہل امیدوار اپنے اپنے داخلوں کو یقینی بنانے کیلئے 30 جولائی کے دن شام 4 بجے تک اپنے ویب آپشنس درج کرواسکتے ہیں اور وقت گذر جانے کے بعد کسی بھی امیدوار کو اپنا ویب آپشن دینے کی سہولت نہیں رہے گی بلکہ مقررہ وقت ختم ہوجانے کے ساتھ ہی ویب سائیٹ بند کردیا جائے گا لہذا میڈیکل کالجوں میں داخلوں کیلئے اہل امیدواروں سے مقررہ وقت میں ویب آپشنس دے کر اپنے داخلہ کو یقینی بنالینے کیلئے پہل کرنے کی خواہش کی گئی۔