میڈیکل ٹورازم سوسائٹی قائم کرنے تلنگانہ حکومت کا ارادہ

بیرونی مریضوں کو حیدرآباد میں علاج کیلئے راغب کرنے اقدام
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ایک میڈیکل ٹورازم سوسائٹی قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو بین الاقوامی مریضوں اور ریاست میں طبی خدمات فراہم کرنے والوں کے مابین رابطے کا کام کرے گی۔ تلنگانہ کا محکمہ صحت بیرونی مریضوں کے علاج اور چارج کئے جانے والے بلس پر نظر رکھے گا۔ محکمہ سیاحت بیرونی مریضوں کے سفر کو آسان بنانے اور دوسرے پہلوؤں کی نگرانی کرے گا۔ سکریٹری محکمہ سیاحت و ثقافت بی وینکٹیشم نے کل تیسرے انٹرنیشنل انڈیا میڈیکل ٹورازم کانگریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل سوسائٹی کے قیام کا ایک مقصد حیدرآباد کو میڈیکل ٹورازم کے مرکز کی حیثیت سے فروغ دینا ہے۔ انھوں نے کہاکہ لاطینی امریکہ، یوروپ اور سارک ممالک کے مریض علاج کے لئے ہندوستان آتے ہیں کیوں کہ ہندوستان میں علاج کے اخراجات 60 تا 90 فیصد کم ہیں۔ انٹرنیشنل انڈیا میڈیکل ٹورازم کانگریس کے جوائنٹ سکریٹری جتن کپور نے کہاکہ حالیہ جائزہ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں دو بلین تا تین بلین ڈالرس میڈیکل ٹورازم سے حاصل ہورہے ہیں اور ہر سال 25 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔ میڈیکل ٹورازم انڈسٹری میں روزگار کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ اسے عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے اور شفافیت سے کام کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل ٹورازم میں ہندوستان کے لئے تھائی لینڈ اور سنگاپور چیلنج ہیں۔ ان کے ساتھ مسابقت ہے۔