حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : میڈیکل کورس کرنے کے جنون کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ چار پانچ سال پہلے انٹرمیڈیٹ کامیاب طلبہ اب بھی میڈیکل انٹرنس ٹسٹ لکھنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں 9 جولائی کو منعقد ہونے والے میڈیسن انٹرنس میں تقریبا 7 ہزار ایسے طلبہ شرکت کرنے والے ہیں جو سال 2011 اور 2014 کے درمیان انٹر میڈیٹ مکمل کرچکے ہیں ۔ پہلی مرتبہ میڈیکل ٹسٹ لکھنے والوں کی تعداد 34 ہزار ہے ۔ ایک سے زائد مرتبہ قسمت آزمانے والوں کی تعداد 15 ہزار 435 بتائی گئی ہے ۔ بڑی عمر کے کئی طلبہ مسلسل ایسے امتحان میں حصہ لے رہے ہیں ۔ امیدواروں میں سب سے بڑی عمر کے امیدوار کی پیدائش 1970 میں ہوئی ۔ 9 امیدوار ایسے ہیں جن کی سن پیدائش 1981 ہے ۔ 6 امیدوار کی پیدائش کا سال 1982 ، 8 امیدواروں کی پیدائش کا سال 1983 بتایا گیا ۔ 1988 میں پیدا ہوئے 33 امیدوار بھی انٹرنس ٹسٹ لکھنے والے ہیں ۔ کنوینر ایمسیٹ 2016 این وی رامن راؤ نے کہا کہ 1980 کے دہے میں پیدا ہوئے 148 امیدوار اس مرتبہ قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ بعض امیدواروں کی میڈیسن انٹرنس میں بار بار شرکت مشکوک ہوگئی ہے ۔ عہدیداروں نے سابق کے بعض تجربات کی روشنی میں کہا کہ بعض امیدوار تلبیس شخصی میں ملوث رہے ہیں اور اپنے دوست احباب کی مدد کرنے کے طریقے اختیار کرتے رہے ہیں ۔ پروفیسر راؤ نے کہا کہ سینئیر امیدواروں کی اطلاع پولیس کو دی گئی ہے ۔ پولیس انٹرنس امتحان میں ان کی شرکت کے محرکات کا پتہ چلا رہی ہے ۔۔