نیویارک۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ان کے ’’ولولہ انگیز‘‘ استقبالیہ کا اہتمام کیا تھا۔ اپنے ٹوئٹر پر انہوں نے تحریر کیا ہے کہ یہ پروگرام ایک خاص پروگرام تھا جس میں ہندوستانی برادری سے تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ میں منتظمین کا شکر گزار ہوں۔ اپنی سخت جدوجہد، کارروائیوں اور مستحکم اقدار کے ذریعہ ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے بڑے پیمانے پر احترام حاصل کیا ہے اور ہم ان پر فخر کرتے ہیں۔ سماجی میڈیا پر 18,500 ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں سے خطاب کے بعد نریندر مودی کا یہ پہلا تبصرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام کے مقروض ہیں اور قرض چکائیں گے۔ ان کے ہندوستان کے بارے میں خوابوں کی تکمیل کریں گے۔ مودی نے ہزاروں حاضرین کی زبردست ستائش کے دوران یہ تبصرہ کیا تھا۔ دریں اثناء وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں جاپان کے آتش فشاں پہاڑ ماؤنٹ آنٹیک کے پھٹ پڑنے سے انسانی جانوں کے ضائع ہونے پر وزیراعظم نے اظہار رنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر سے وہ اُداس ہوگئے ہیں اور ان کی دعائیں مہلوکین کیساتھ ہے۔ مودی فی الحال امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ وسطی جاپان کا ماؤنٹ آنٹیک گزشتہ ہفتہ پھٹ پڑا تھا اور اس سے کثیر تعداد میں سفید گیاس اور راکھ خارج ہوکر فضاء کی بلندیوں میں بکھر گئی تھی۔ اندیشہ ہے کہ اس حادثہ میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ گورنر جنوبی کیرولینا نکی ہیلی نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے ہندوستان کی مختلف شعبوں آٹوموٹیوز، آئی ٹی اور ایرو اسپیس میں نئی حکومت کے دوراقتدار میں ترقی پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ ایک بااثر رکن امریکی کانگریس تلسی گبرڈ نے بھی ان سے ملاقات کی۔ وہ واحد رکن ہیں جو ہندو ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھگوت گیتا کی ایک نسخہ اپنی ہندوستان سے محبت کی علامت کے طور پر پیش کی۔33 سالہ تلسی ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن ہیں اور امریکی کانگریس میں انتخابی حلقہ ہوائی کی نمائندہ ہیں۔