نئی دہلی۔10مئی ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال متنازعہ و اشتعال انگیز خبروں پر میڈیا کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی پر مبنی اپنی حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکمنامہ کے نتیجہ میں سخت تنقیدوں کا نشانہ بن گئے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی نے ان پر ’’ منافق اور جمہوریت دشمن‘‘ ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ کانگریس کے لیڈر پی سی چاکو نے کہا کہ ’’ جب ان کی حکومت پر تنقیدیں ہوئی ہیں‘ میڈیا ادارے جب ان کی حکومت کی غلطیوں کو بے نقاب کرتے ہیں تو چیف منسٹر ( کجریوال) کو اس پر اعتراض ہوتا ہے جس سے چیف منسٹر کے جمہوریت دشمن رویہ کا اظہار ہوتا ہے ‘‘ ۔بی جے پی نے بھی ایسے ہی نظریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کجریوال اگرچہ اظہار خیال کی آزادی کی باتیں کرتے ہیں لیکن وہ ہر کسی کا گلا گھونٹنا چاہتے ہیں ‘‘ ۔ بی جے پی کے ایک ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا کہ وہ ( کجریوال) اظہار خیال کی بلاروک ٹوک مکمل آزادی کی باتیں کیا کرتے ہیں لیکن ہر کسی کا گلا گھونٹنا چاہتے ہیں جو منافقت کی انتہا ہے ‘‘ ۔