لندن ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر کرس کینز کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے سے متعلق ویڈیو نشر کرنے پر معافی مانگ لی۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایم سی سی کی ویب سائٹ پر کیوی ٹیم کے سابق کپتان برنڈن مک کلم کے لیکچر کی ویڈیو کو ’’مک کلم، کینز کی میچ فکسنگ پر‘‘ کے عنوان سے جاری کی گئی تھی۔ مک کلم نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کرس کینز کے حوالے سے اُن کے بیان کو غیر پیشہ ورانہ انداز میں لیا گیا۔ مک کلم نے ایم سی سی کے سالانہ کاؤڈری لیکچر کے دوران کہا تھا : ’’میں یہاں (کرکٹ کے مرکز) میں کھڑے ہوکر اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ جو ثبوت میں نے عدالت کو دیئے تھے اس پر آج بھی قائم ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ کرس کینز 2015ء میں میچ فکسنگ اور جھوٹے بیانات کے کیس سے بری ہوئے تھے۔ ایم سی سی کا معذرت خواہی کے ساتھ کہنا ہے کہ انھوں نے ’’اپنے تمام الزامات واپس لئے ہیں‘‘۔ ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ کے سالانہ لیکچر کی ویڈیو 11 گھنٹوں تک ویب سائٹ پر چلنے کے بعد ہٹائی گئی تھی۔ 45 سالہ کرس کینز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق سربراہ للت مودی کے خلاف ٹوئٹر کے ذریعہ میچ فکسنگ کا الزام عائد کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انہیں کامیابی ملی تھی۔ دوسری جانب مک کلم 2015ء میں اپنے سابق کپتان کرس کینز کے خلاف عدالت میں بطور گواہ پیش ہوئے تھے۔ تاہم کینز اس مقدمے میں بری ہوگئے۔