میچنگ گرانٹ کی عدم اجرائی ، پری میٹرک کے ہزارہا طلبہ اسکالر شپس کے منتظر

حکومت تلنگانہ سے 20 کروڑ 57 لاکھ جاری کرنا باقی ، مستحق طلبہ حکومت کی امداد کے طلب گار
حیدرآباد۔یکم جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے مرکزی حکومت کی اسکالر شپ کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے میچنگ گرانٹ کی عدم اجرائی کے سبب ہزاروں طلبہ پری میٹرک اسکالر شپ کے انتظار میں ہیں۔ مرکزی حکومت نے 2013-14 کیلئے اقلیتی طلبہ کی پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ کیلئے 98کروڑ 44لاکھ منظور کئے تھے جس میں سے ریاستی حکومت نے 77کروڑ 87لاکھ روپئے جاری کئے جس میں سے تینوں اسکالر شپ کیلئے ابھی تک 76کروڑ 85لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپ کا نشانہ اگرچہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے لیکن پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت 76ہزار طلبہ کو اسکالر شپ کی اجرائی باقی ہے اس کے لئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے کیونکہ اسے 25فیصد میچنگ گرانٹ کے طور پر 20کروڑ 57لاکھ روپئے جاری کرنے ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود سے ریاستی حکومت کو بارہا توجہ دہانی کے باوجود ابھی تک میچنگ گرانٹ جاری نہیں کی گئی۔ ریاستی حکومت کی اسکالر شپ اور فیس بازادائیگی کا معاملہ اگرچہ زیر التواء ہے لیکن مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ کے مستحق طلبہ بھی رقم سے محروم ہیں۔ مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ کے تحت ابھی تک 2لاکھ 58ہزار 912 طلبہ میں 61کروڑ70لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ اگر حکومت 20کروڑ 57لاکھ کی میچنگ گرانٹ جاری کردے تو 77ہزار 37طلبہ کو اسکالر شپ جاری کی جاسکتی ہے۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے تحت 17ہزار 384 طلبہ میں 10کروڑ 95لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ 1922طلبہ میں ایک کروڑ 2لاکھ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ میرٹ کم مینس اسکالر شپ کے تحت نشانہ کی تکمیل کرلی گئی اور 1492طلبہ میں 4کروڑ 20لاکھ روپئے جاری کردیئے گئے۔ اس طرح تینوں زمروں میں 2لاکھ 77ہزار 788 طلبہ میں 76کروڑ 85لاکھ جاری کئے گئے۔ مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ کے منظورہ درخواست گذار اسکالر شپ کے سلسلہ میں اقلیتی بہبود کے دفاتر پہنچ کر معلومات حاصل کررہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جب تک تلنگانہ حکومت میچنگ گرانٹ جاری نہیںکرتی اسوقت تک اسکالر شپ کی رقم جاری کرنا ممکن نہیں۔ حکومت ہند کی اسکالر شپ کے تینوں زمروں میں 2014-15کے تحت2لاکھ 62ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔ نئے درخواستوں اور تجدیدی درخواستوں کے ادخال کی تاریخ ختم ہوچکی ہے۔