میٹ کے وفد کی عمر جلیل سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( راست ) : حیدرآباد موومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ ( میٹ ) کا ایک وفد جو سید علی الدین احمد اسد اور سید حمید الدین احمد محمود پر مشتمل تھا ۔ تلنگانہ سکریٹریٹ میں سکریٹری برائے اقلیتی امور تلنگانہ سرکار جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس سے ملاقات کر کے اقلیتوں کی معاشی تعلیمی سماجی پسماندگی کے ازالہ کے منفرد اسکیمات کی عمل آوری پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طویل عرصہ بعد تلنگانہ کی اقلیتوں کے مسائل و مشکلات پر گہری نظر رکھنے والے آئی اے ایس آفیسر کی خدمات سے حکومت تلنگانہ استفادہ کررہی ہے ۔ پولیس کانسٹبل سب انسپکٹر سیول ، الکٹریکل میکانیکل کمپیوٹر ، انجینئرس کو روزگار کے مواقع ہوں یا مفت تعلیم مسابقتی امتحانات کی کوچنگ محکمہ اقلیتی بہبود پوری طرح متحرک ہے ۔جناب سید عمر جلیل نے وفد سے کہا کہ یہ دور اقلیتوں کیلئے سنہری دور سے کم نہیں ہے کیوں کہ ہزاروں ملازمتیں حاصل ہونے کے روشن امکانات ہیں ساتھ ہی خود روزگار اسکیمات کے تحت تعلیم یافتہ غیر تعلیم یافتہ ہنر مند نوجوان اپنے معاشی مسائل کو حل کرسکتے ہیں ۔ میٹ کے عہدیداروں نے تمام تر ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے ہر ممکنہ اشتراک کا پیشکش کیا ۔