حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : امیر پیٹ اور ایل بی نگر کے درمیان جس میٹرو لائن کا طویل وقت سے انتظار کیا جارہا تھا وہ عنقریب کارگرد ہوجائے گی کیوں کہ میٹرو ریل سیفٹی کے کمشنر نے ضروری جانچ کا دورہ مکمل کرلیا ہے ۔ کمشنر میٹرو ریل سیفٹی ( سی ایم آر ایس ) نے گذشتہ 2 دن کے دوران ضروری جانچ کے دورے مکمل کئے ہیں اور امید ہے کہ اس پر رپورٹ کے فوری بعد اس راستے پر میٹرو ریل کی عوامی خدمات کا آغاز کردیا جائے گا ۔ مذکورہ جانچ کے دوران سی ایم آر ایس نے جن اہم امور کا جائزہ لیا ان میں پٹریوں کی حالت ، ٹراکشن سسٹم کے علاوہ اصل توجہ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات میں بیرونی راستوں کے منصوبوں پر مرکوز کی گئی ہے ۔ حکام نے گذشتہ روز لکڑی کا پل اور دیگر اسٹیشنوں پر جانچ کی ۔ یاد رہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل لیمٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم ریل کے حفاظتی اقدامات اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد عوامی خدمات کو ہری جھنڈی دیکھائی جائے گی اور امید ظاہر کی تھی کہ15 ستمبر تک تمام امورکا جائزہ لے لیا جائے گا ۔ اس راستے پر عوامی خدمات کو شروع کرنے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں تو امید کی جارہی ہے کہ مقررہ وقت تک تعمیراتی امور کے علاوہ اسٹیشنوں کو خوبصورت بنانے کا کام بھی مکمل کرلیا جائے گا ۔ دریں اثناء لکڑی کا پل کا ریلوے اسٹیشن قریب التکمیل ہے کیوں کہ امیر پیٹ تا ایل بی نگر کی لائن اس اسٹیشن کے علاوہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے میٹرو اسٹیشن سے ہو کر مکمل ہوتی ہے ۔