سڑکوں کی درستگی ، رنگ و روغن ، پارکس کو خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہہ
حیدرآباد ۔ 25 ستمبر ۔ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں میٹرو پولس میٹ کے سبب ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ انہدامی کارروائیاں عروج پر ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جوکہ اس عالمی کانفرنس کی میزبانی کررہی ہے کی جانب سے دونوں شہروں کی سڑکوں کی درستگی کے ساتھ ساتھ ڈیوائیڈرس کو رنگ و روغن کرنے کے علاوہ شہر میں موجود چھوٹے چھوٹے پارکوں کو خوبصورت بنانے کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔ میٹرو پولس کانفرنس کے علاوہ سرکاری سطح پر بتکما تہوار منانے کے اعلان کے بعد سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی سرگرمیوں میں کافی اضافہ ہوچکا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے اہم علاقوں ہائی ٹیک سٹی ، چارمینار ، فلک نما ، نامپلی ، سیف آباد ، خیریت آباد ، سکریٹریٹ کے علاوہ دیگر اہم سڑکوں پہ مرمتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ جی ایچ ایم سی عہدیدار فٹ پاتھوں پر موجود ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کے لئے بھی متحرک ہوچکے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گزشتہ دو روز سے پرانے شہر میں جاری قبضہ جات کی برخواستگی کی مہم آج نئے شہر منتقل ہوگئی اور پنجہ گٹہ اور امیر پیٹ کے علاقہ میں فٹ پاتھوں پر موجود چھوٹے بیوپاریوں کو برخواست کرتے ہوئے قبضہ جات کو ہٹانے کی مہم چلائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں شروع کی گئی بلدیہ کی اس مہم پر مقامی تاجرین نے سخت برہمی کا اظہار کیا چونکہ اس سلسلے میں چھوٹے بیوپاریوں کو کسی قسم کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی ۔ بلدی عہدیداروں کا استدلال ہے کہ انھیں پیشگی اطلاع دینا قانونی طورپر لازمی نہیں ہے چونکہ ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی بلدیہ کے فرائض میں ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جو لوگ اس بات کا دعویٰ کررہے ہیں کہ انھیں نوٹس نہیں دی گئی انھیں چاہئے کہ اگر وہ درست ہے تو قانونی راستہ اختیار کرے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے چونکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ہائیکورٹ کے احکام اور فٹ پاتھ کو پیدل راہرووں کیلئے بہتر بنانے کی مہم کے تحت یہ کارروائیاں انجام دے رہی ہے ۔ پنجہ گٹہ اور امیر پیٹ کے علاقہ میں آج کی گئی کارروائی کے دوران زائد از 70 قابضین کو فٹ پاتھوں سے ہٹا دیا گیا ۔ میٹرو پولس میٹ جوکہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے شروع ہونے جارہی ہے اس اجلاس میں بین الاقوامی سطح کے قائدین بالخصوص مختلف ممالک کے شہروں سے تعلق رکھنے والے میئرس شرکت کریں گے ۔ دونوں شہروں کی سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ بلدیہ کی جانب سے ڈیوائیڈرس اور برقی کھمبوں کو رنگ ور وغن کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح شہر کی سڑکوں کو خوبصورت بنانے کے علاوہ جن فٹ پاتھوں سے قبضہ جات کی برخواستگی عمل میں آئی ہے وہاں دوبارہ قبضہ نہ ہوں اس طرح کے اقدامات کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔