آر ٹی سی سے سفر پر کم خرچ ، مسافروں کی آمد و رفت برقرار
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے آغاز سے آر ٹی سی سٹی بسوں پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا ہے بلکہ آر ٹی سی سٹی بسوں میں مسافروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹرو ریل کے کرایے زیادہ رہنے کی وجہ سے عوام میٹرو ریل کے مقابلہ میں آر ٹی سی سٹی بسوں میں سفر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع کے مطابق بالخصوص روٹ نمبر 113 جو اوپل سے چلائی جاتی ہے ۔ میٹرو ریل کے آغاز ہونے پر اوپل تا امیر پیٹ روٹس پر چلائی جانے والی آر ٹی سی سٹی بسوں میں عوام کی تعداد ( مسافروں کی تعداد ) گھٹ جانے کا اندازہ لگایا گیا تھا لیکن اب تک بھی آر ٹی سی سٹی بس سروسیس میں سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے کیوں کہ اوپل سے امیر پیٹ تک 20 روپئے میں سفر کر کے بسوں کے ذریعہ پرسکون انداز میں عوام اپنے مقامات تک پہونچ رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اوپل سے مہدی پٹنم ، لنگم پلی ، ای ایس آئی ، یوسف گوڑہ علاقوں کے لیے جملہ 146 آر ٹی سی بس سروسیس چلائی جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ اوپل سے 113k/L ، 113-A اور 113-Y بسیں براہ امیر پیٹ مختلف مقامات تک چلائی جاتی ہیں اور بالخصوص میٹرو ایکسپریس بسوں میں اوپل تا امیر پیٹ پہونچنے کے لیے بمشکل 55 تا 60 منٹ درکار ہوتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے بسوں میں مسافروں کی تعداد میں کوئی کمی نہیں ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی سٹی ریجن کے عہدیدار میٹرو ریل شروع ہونے کے بعد آر ٹی سی سٹی بسوں کی آمدنی میں کسی بھی نوعیت کی کمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سٹی بسوں کی آمد و رفت کو باقاعدہ بنانے پر بھی اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں میٹرو ریل شروع ہونے کے باوجود آر ٹی سی سٹی بسوں پر ابھی تک کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا ہے ۔۔