میٹرو ریل کے کاموں میں تیزی لانے چیف منسٹر کی ہدایت

حیدرآباد 27 جنوری (آئی این این) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹرکے چندرشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو حیدرآباد میٹرو ریل کا کام تیزی سے انجام دینے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینئر عہدیداروں کے ہمراہ میٹرو ریل کاموں کے موجودہ موقف کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کو تمام میٹرو ریل اسٹیشنس پر اسپیشل پروٹیکشن فورس کے قیام کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ تمام 3 میٹرو ریل راہداریوں پر سرکاری اراضی حاصل کرنے کا حکم دیا۔ اِس کے علاوہ چیف منسٹر نے اِن میٹرو ریل راہداریوں پر 219 خانگی اور 25 سرکاری اراضیات کے حصول کی بھی اجازت دی۔ اُنھوں نے جی ایچ ایم سی کو تمام میٹرو ریل اسٹیشنس پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ میٹرو ریل منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ 1640 پلرس کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے جبکہ 1736 پلرس کے لئے بنیادی کام مکمل کرلیا جاچکا ہے۔