میٹرو ریل کے پہلے مرحلہ کا 21 مارچ سے آغاز

حیدرآباد 24 فروری (این ایس ایس) حیدرآباد میٹرو ریل جس کا کافی بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے توقع ہے کہ اُگادی یعنی 21 مارچ کو اپنی خدمات شروع کرے گی۔ ناگول اور مٹو گوڑہ کے درمیان 7 اسٹیشنس پر محیط 8 کیلو میٹر فاصلہ تک عوام کو ٹرانسپورٹ سہولت کا آغاز ہوجائے گا۔ سرکاری طور پر کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے حامل میٹرو ریل کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ اِس نوعیت کی خدمات ہندوستان میں پہلی مرتبہ شروع کی جارہی ہے جو کمیونکیشن کی اساس پر ٹرین کنٹرول سسٹم (سی بی ٹی سی) سے مربوط ہے۔ یہ ٹیکنالوجی فرانس تھیلز کمپنی نے پیش کی ہے۔ اِس ٹیکنالوجی کے ذریعہ ریڈیو رابطہ کے ساتھ ٹرین کی نقل و حرکت کی مسلسل اطلاع فراہم کی جاتی ہے۔ 6 زونس میں منقسم ہر ریل کو دوسری ٹرین کے مقام، نقل و حرکت، رفتار اور کنٹرول زون ، کنٹرولر سسٹم سے واقفیت ہوتی رہتی ہے۔ اِس سے یہ واضح ہے کہ حادثات کے امکانات بالکل کم رہیں گے۔ اِس کے علاوہ میٹرو ریل میں ایک ایسی ٹیکنالوجی بھی متعارف کی جارہی ہے جو تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی کے باعث حادثہ کی روک تھام کرے گی۔